شاہ سلمان کی سعودی عرب میں امریکی فوج کی تعیناتی کی منظوری

12:32 PM, 20 Jul, 2019

ریاض : سعودی فرمانروا شاہ سلمان نے خطے کی سیکورٹی مزید بڑھانے کے لیے ملک میں امریکی فورسز کی تعیناتی کی منظوری دے دی ۔

سعودی وزارت خارجہ کے مطابق سعودی عرب اور امریکا خطے کو لاحق خطرات کے پیش نظر اپنے طویل مدتی تعلقات کو مزید مستحکم کرہے ہیں۔سعودی عرب کے سرکاری خبر رساں ادارے نے وزارت دفاع کے ایک اہلکار کے حوالے سے بتایا ہے کہ امریکی فوج کی تعیناتی کے فیصلے کا مقصد خطے میں امن قائم رکھنے، سکیورٹی اور استحکام کے لیے کی جانے والی مشترکہ کوششوں کو بڑھانا ہے۔

امریکی محکمہ دفاع نے اپنے ایک بیان میں اس اقدام کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ابھرتے ہوئے خطرات کو روکنے کے لیے سعودی عرب میں فوجی دستے تعینات کرے گا۔

امریکی صدر ٹرمپ نے کچھ عرصے قبل سعودی عرب میں 1ہزار فوجی تعینات کرنے کا اعلان کیا تھا تاہم پینٹا گون نے ابھی تک اس تعداد کی سرکاری تصدیق نہیں کی۔

مزیدخبریں