پشاور: خیبرپختونخوا میں ضم شدہ قبائلی علاقوں کی تاریخ میں پہلی بار آج صوبائی اسمبلی کے انتخابات کیلئے پولنگ ہو گی۔انتہائی حساس 554 پولنگ اسٹیشنز کے اندر اور باہر فوج تعینات ہو گی۔ صوبائی الیکشن کمشنر کا کہنا ہے کہ قبائلی اضلاع میں نیٹ ورک کا مسئلہ ہے اور نتائج واٹس ایپ پر فراہم کیے جائیں گے۔
عام نشستوں پر 282 امیدوار میدان میں ہیں جبکہ خواتین کی 22، اقلیتوں کی 6 مخصوص نشستیں ہیں۔ پولنگ صبح 8 سے شام 5 بجے تک ہو گی۔
16 حلقوں میں انتخابات کیلئے 1897 پولنگ اسٹیشن قائم کیے گئے ہیں جن میں سے 554 پولنگ اسٹیشن انتہائی حساس قرار دیے گئے ہیں۔ایک ہزار 39 مخلوط پولنگ اسٹیشن ہیں جبکہ صرف مردوں کیلئے 482 اور خواتین کیلئے مختص 376 پولنگ اسٹیشن قائم کیے گئے ہیں۔ تمام پولنگ اسٹیشنز کے باہر فوج تعینات ہو گی جبکہ انتہائی حساس 554 پولنگ اسٹیشنز کے اندر اور باہر فوج تعینات ہوگی ۔
تمام پولنگ اسٹیشنز پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب کیے گئے ہیں جبکہ الیکشن کیلئے 28 لاکھ 91 ہزار بیلٹ پیپرز پرنٹ کرائے گئے ہیں۔
شکایات اور نتائج موصول کرنے کیلئے الیکشن کمیشن میں سیل قائم کر دیا گیا ہے جو 20 اور 21 جولائی کو 24 گھنٹے کام کرے گا۔
الیکشن سے متعلق شکایات 0519210809 اور 0519210810 پر موصول کی جائیں گی۔