اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ نواز اور سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے پولیس ریسٹ ہاؤس سہالہ منتقل ہونے سے انکار کردیا ہے۔
جیل انتظامیہ ذرائع کے مطابق مریم نواز کا موقف ہے کہ وہ اپنے والد اور خاوند کیپٹن (ریٹائرڈ) صفدر کے ساتھ اڈیالہ میں ہی رہیں گی۔
ذرائع نے بتایا کہ انتظامیہ مریم نواز کو اڈیالہ سے ریسٹ ہاؤس منتقل کرنا چاہتی ہے اور گزشتہ تین روز سے اس حوالے سے انتظامات بھی کیے جاچکے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:مریم نواز کی سہالہ ریسٹ ہاؤس منتقلی مؤخر
جیل انتظامیہ ذرائع نے بتایا کہ سہالہ ریسٹ کو سب جیل قرار دینے کےلیے تمام انتظامات مکمل کیے گئے اور اس سلسلے میں 20 لاکھ روپے خرچ کیے گئے ہیں۔مریم نواز کی منتقلی کے پیش نظر پولی کلینک اسپتال کے ڈاکٹروں کا ڈیوٹی روسٹر بھی جاری کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں:مریم نواز کو اڈیالہ جیل سے سہالہ ریسٹ ہاؤس منتقل کرنے کا فیصلہ
سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز کی سہالہ ریسٹ ہاؤس منتقلی انکار کے بعد ریسٹ ہاؤس پر تعینات رینجرز اور پولیس کی نفری کو عارضی طور پر ہٹا لیا گیا ہے۔ذرائع کے مطابق پمز سے آنے والی میڈیکل ٹیم بھی واپس روانہ کر دی گئی ہے۔
نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں