مینگورہ: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور سابق وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کہا ہے کہ پشاور میٹرو کرپشن کا میگا منصوبہ ہے، عمران خان نے خیبرپختونخوا کا بیڑا غرق کردیا ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے مینگورہ میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا، شہباز شریف نے کہا کہ ن لیگ دور میں 11 ہزار میگا واٹ بجلی سسٹم میں شامل ہوئی، پی ٹی آئی کے دور میں پچھلی حکومت کا 80 میگا واٹ پلانٹ خراب ہوگیا، کے پی حکومت نے اصل میں منفی 8 میگا واٹ بجلی پیدا کی ہے۔
مسلم لیگ ن کے صدر نے کہا کہ ن لیگ حکومت نے کم ترین وقت میں 11 ہزار میگاواٹ کے منصوبے لگائے ہیں،لاہور میٹرو 30 ارب میں بنی تھی، پشاور میٹرو 68 ارب پر چلی گئی.
ہائیکورٹ نے کہا پشاور میٹرو کا ٹھیکہ بلیک لسٹ کمپنی کو دیا گیا، حکومت ملی تو مالاکنڈ، مینگورہ سوات کی لاہور کی طرح خدمت کروں گا، جان لڑادوں گا سوات، مینگورہ، مالاکنڈ کو سہولتیں دوں گا۔
شہباز شریف نے کہا کہ میں پہلے پختون ہوں بعد میں پنجابی ہوں، پاکستان پنجاب، کے پی، سندھ، فاٹا، بلوچستان کا نام ہے، پختونوں سے دل سے محبت کرتا ہوں، سوات اور مالاکنڈ والوں نے بہت قربانیاں دی ہیں، زندگی رہی تو کے پی کو پنجاب بناؤں گا، پشاور کو لاہور بناؤں گا، سوات کو پاکستان کا بہترین سیاحتی مقام بنائیں گے۔
نواز شریف اور مریم نواز سے متعلق شہباز شریف کا کہنا تھا کہ نواز شریف بیمار اہلیہ کو چھوڑ کر پاکستان آئے ہیں، اس بیٹی کے دل پر کیا گزری ہوگی جس کے سامنے باپ کو گرفتار کیا گیا۔