چترال : پیپلزپارٹی نے پاناماکے جال میں پھنسی حکومت کیلئے نئی مشکل کھڑی کر دی.ملک بھر میں گو نواز گو عوامی رابطہ مہم شروع کرنے کا اعلان کر دیا. بلاول بھٹو کا کہنا ہے کہ عوام نے فیصلہ سنا دیااب حکمرانوں کو جانا ہوگا .
ملک بھر میں جلسے جلوس اور ریلیاں نکالی جائیں گی اور اس سلسلے میں سب سے پہلے چترال میں میدان سجے گا. بلاول بھٹو کا اصرار ہے کہ عوام نے اپنا فیصلہ سنا دیااب حکمرانوں کو جانا ہوگا.ادھر اپوزیشن لیڈر نے اسپیکر قومی اسمبلی سے وزیراعظم کی ایوان میں کی گئی تقریر کا ریکارڈ مانگ لیا.خورشید کی نظر میں حکومت جواب دینے کے بجائے سپریم کورٹ پر حملے کر رہی ہے.سید خورشید شاہ نے سوال اٹھایا کہ ایف آئی اے نے ظفر حجازی کی ٹیمپرنگ ثابت کر دی لیکن جس کے کہنے پر دستاویزات میں ردوبدل کیا اس کو کچھ نہیں کہا گیا.
یاد رہے پاناما جے آئی ٹی کی رپورٹ منظر عام پر آنے کے بعد اپوزیشن کی جانب سے وزیراعظم نواز شریف سے مستعفیٰ ہونے کا مطالبہ کیا جا رہا ہے اور ان کا موقف ہے کہ وزیراعظم کے پاس اب اس عہدے پر رہنے کا کوئی اخلاقی جواز نہیں رہ گیا۔دوسری جانب کل گلگت میں پیپلز پارٹی کی منشور کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے ہدایت کی کہ منشور میں عوام کے بنیادی مسائل پر توجہ دی جائے ۔ منشور کمیٹی اپنی تجاویز اگست تک مکمل کردے۔انہوں نے اس موقع پر یہ بھی کہا کہ وزیراعظم سے استعفیٰ لینے کیلئے تمام اپوزیشن جماعتوں کو متحد ہونا ہو گا ۔
نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔