شمالی کوریا کا بین البراعظمی بیلسٹک میزائل امریکا تک مار کر سکتا ہے، امریکی فوج

06:07 PM, 20 Jul, 2017

واشنگٹن :امریکا کے ایک اعلیٰ فوجی عہدیدار نے کہا ہے کہ شمالی کوریا کا تازہ ترین میزائل لانچ اس بات کا غماز ہے کہ اب وہ امریکا کو نشانہ بنا سکتا ہے، تاہم ہدف تک پہنچانے والی ضروری ٹیکنالوجی کا اس کے پاس فقدان ہے۔

جاپانی ذرائع ابلاغ کے مطابق جوائنٹ چیفس آف سٹاف کے وائس چیئر مین جنرل پال سیلوا نے سینٹ کمیٹی کی ایک سماعت میں بیان میں کہا کہ شمالی کوریا کو ابھی اس حوالے سے درکار گائیڈینس ٹیکنالوجی اور کنٹرول کا عملی مظاہرہ کرنا ہے، لیکن جہاں تک فاصلے کی بات ہے، تو شمالی کوریا کے پاس امریکا کو نشانہ بنانے کی واضح صلاحیت موجود ہے۔

انہوں نے متنبّہ کرتے ہوئے کہا کہ شمالی کوریا اپنی گائیڈینس ٹیکنالوجی کی صلاحیت میں اضافہ کر سکتا ہے۔ انہوں نے نشاندہی کی کہ امریکا اپنے نگرانی کے عمل کو تیز کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ شمالی کوریا کی اپنے میزائل سسٹم کی سرگرمیوں کو چھپانے یا انہیں کوئی دوسرا روپ دینے کی انتہائی اعلیٰ صلاحیت کے سبب اس کے بیلسٹک میزائل تجربات کی علامات کا پتہ لگانا مشکل ہوتا جا رہا ہے۔انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ امریکا اپنی میزائل دفاعی صلاحیت میں اضافہ جاری رکھے گا۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں

مزیدخبریں