اسلام آباد: سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ نے کہا ہے کہ بھارت نے پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) کی مخالفت کر کے خطے کو نقصان پہنچایا اور وہ پاک چین دوستی کے خلاف سازشوں میں مصروف ہے۔ یہاں”سی پیک ایک منصوبہ ایک راستہ“ کے عنوان سے منعقدہ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ نے کہا کہ سی پیک ”ون بیلٹ ون روڈ“ منصوبے کا پہلا فلیگ شپ منصوبہ ہے۔ منصوبے کے تحت خصوصی معاشی شعبے بنائے جائیں گے۔
سیکریٹری خارجہ کا کہنا تھا کہ بھارت، پاکستان اور چین کی دوستی کے خلاف سازشوں میں مصروف ہے۔ بھارت نے سی پیک کی مخالفت کر کے پاکستان نہیں بلکہ خطے کو نقصان پہنچایا ہے لیکن پاکستان اور چین سی پیک کو مقررہ مدت میں مکمل کرنے کے لیے شانہ بشانہ ہیں۔ انھوں نے کہا کہ پاک-چین سڑکوں کا جال اور فائبر آپٹک نیٹ ورک تعمیر کریں گے اور اس منصوبے کے تحت خطے میں خوشحالی آئے گی۔ سیکرٹری خارجہ نے کہا کہ سی پیک یورپ اور دیگر ممالک کے لیے ایک راہداری کی حیثیت رکھتا ہے۔
تہمینہ جنجوعہ نے کہا کہ پاکستان اور چین خطے میں خوش حالی، عوامی روابط اور یکساں ترقی کے لیے ایک ہی موقف رکھتے ہیں اور اسی سلسلے میں سی پیک تجارتی و توانائی کے منصوبوں کا مرکز اور عوامی خوش حالی کا ذریعہ ہو گا۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں اپنے مظالم کو چھپانے کی کوشش کی۔
اس موقع پر پاکستان میں چین کے قائم مقام سفیر لی جیان زاو نے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چین، قومی ترقی کے ساتھ دیگر ممالک اور خطوں کی یکساں ترقی پر یقین رکھتا ہے۔ پاک چین تعلقات کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور چین کے درمیان تعلقات کئی دہائیوں پر محیط ہیں اور سی پیک اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔
نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں