مکہ مکرمہ :خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے حکم جاری کیا ہے کہ مکہ مکرمہ ریجن میں "السلمانیہ" رہائشی و انتظامی منصوبے کا نام بدل کر "الفیصلیہ" کر دیا جائے۔ یہ اقدام سابق سعودی فرماں روا شاہ فیصل بن عبدالعزیز کی مکہ مکرمہ ریجن پر دی جانے والی خصوصی توجہ کی قدر شناسی اور اس پر ممنویت کے اظہار کے طور پر سامنے آیا ہے۔
شاہ سلمان نے اپنے مشیر اور مکہ مکرمہ کے گورنر شہزادہ خالد الفیصل سے ملاقات کی جنہوں نے سعودی فرماں روا کو منصوبے کے ماڈل اور بصری نمائش سے متعارف کرایا۔ شاہ سلمان نے منصوبے کے مقاصد اور اس کے تحت ریجن میں پیش کی جانے والی خدمات کا جائزہ لیا۔
اس موقع پر شاہ سلمان نے مکہ مکرمہ ریجن کی بہبود اور ترقی کے واسطے شہزادہ خالد کی انتھک کوششوں پر اظہارِ تشکر کیا۔ سعودی فرماں روا نے حرمین شریفین ، اسلام اور مسلمانوں کا خادم ہونے کو اپنے لیے بڑا شرف اور اعزاز قرار دیا۔