تہران: غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق حسن روحانی نے کابینہ اجلاس کے دوران کہا کہ ایران ہمیشہ اپنے بین الاقوامی وعدوں اور معاہدوں کی پاسداری کرے گا۔ انہوں نے تنبیہ کی اگر امریکا کسی بھی بہانے سے ایران پر نئی پاپندیاں لگانا چاہتا ہے تو ایران بھی اس کا بھر پور جواب دے گا۔
یاد رہے ایرانی صدر کی جانب سے یہ بیان امریکا کی طرف سے بیلسٹک میزائل پروگرام کی حمایت پر 18 ایرانی افراد اور کمپنیوں پر پابندیاں عائد کیے جانے کے بعد دیا گیا۔ حسن روحانی نے امریکا پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ ایران امریکی شہریوں اور کمپنیوں پر پابندیاں عائد کر کے اس کا جواب دے گا جنہوں نے ایرانی عوام اور خطے کے دیگر مسلمانوں کے خلاف کارروائی کی۔
ان کا کہنا تھا کہ ایک طرف امریکی انتظامیہ کانگریس کو ایران کی جانب سے جوہری معاہدے پر مکمل عملدرآمد کی تصدیقی رپورٹ بھیجتی ہے تو دوسری طرف یہ مختلف حیلے بہانوں سے ایران پر نئی پابندیاں عائد کر رہی ہے۔
واضح رہے امریکی محکمہ خارجہ کی طرف سے اس بات کا اعتراف کیا گیا تھا کہ ایران عالمی طاقتوں کے ساتھ ہونے والے جوہری معاہدے کی پاسداری کر رہا ہے۔
نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں