اسلام آباد: صدر مملکت آصف علی زرداری سے ایرانی آرمی چیف نے ملاقات کی جس میں پاکستان اور ایران کے دوطرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیل سے گفتگو کی گئی۔
ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور ایران کے درمیان تاریخی اور برادرانہ تعلقات کو اجاگر کیا۔ اس موقع پر تجارتی اور اقتصادی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔
مشترکہ اعلامیہ میں کہا گیا کہ دہشت گردی ایک مشترکہ چیلنج ہے جس سے نمٹنے کے لیے مؤثر اور مربوط اقدامات کی ضرورت ہے۔ ایرانی آرمی چیف نے غزہ اور لبنان کے حوالے سے پاکستان کے موقف کی تعریف کی۔
ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان باہمی تعاون کو فروغ دینے اور علاقائی امن و استحکام کے لیے مشترکہ کوششوں پر بھی اتفاق کیا گیا۔