راولپنڈی: وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ ’اڑان پاکستان‘ منصوبہ ملک کی ترقی کے لیے ایک سنگ میل ثابت ہوگا۔
جڑواں شہروں میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے احسن اقبال کا کہنا تھا کہ پاکستان میں تمام شہریوں کو یکساں حقوق حاصل ہیں اور اقلیتوں کو مکمل آزادی کے ساتھ زندگی گزارنے کا حق دیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اقلیتی برادریوں نے ہمیشہ پاکستان کی سرحدوں کی حفاظت میں اہم کردار ادا کیا ہے اور ملک کی ترقی میں ان کا حصہ بھی ناگزیر ہے۔
وزیر منصوبہ بندی نے معاشرتی ترقی کے لیے نفرت اور تعصب کو ختم کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ان منفی رویوں کا خاتمہ ملک میں ہم آہنگی اور ترقی کی راہ ہموار کرے گا اور اس میں تمام افراد کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔
احسن اقبال نے مزید کہا کہ ’اڑان پاکستان‘ منصوبہ ملکی ترقی کے لیے ایک اہم حکمت عملی ہے، جس میں تمام شعبوں کو مساوی توجہ دی جارہی ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ حکومت نوجوانوں کو ہنر مند بنانے کے لیے اقدامات کر رہی ہے، کیونکہ تعلیم اور ٹیکنالوجی کی ترقی کے بغیر پاکستان کی حقیقی ترقی ممکن نہیں۔