حکومت نے 8 فروری کو یوم تعمیر و ترقی منانے کا اعلان کردیا: عطا تارڑ

حکومت نے 8 فروری کو یوم تعمیر و ترقی منانے کا اعلان کردیا: عطا تارڑ

اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات، عطا تارڑ نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت نے 8 فروری کو ملک بھر میں یوم تعمیر و ترقی منانے کا فیصلہ کیا ہے۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عطا تارڑ نے کہا کہ ملکی معاشی استحکام کا سیاسی استحکام سے گہرا تعلق ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس سال پاکستان کے لیے کامیابیوں کا سال ثابت ہوا ہے، سٹاک مارکیٹ بلند ترین سطح پر پہنچ چکی ہے، اور ملک کی معیشت بہتری کی جانب گامزن ہے۔

وزیر اطلاعات نے اس بات پر زور دیا کہ سیاست میں رواداری کو فروغ دینے کی ضرورت ہے اور کھیلوں سمیت ہر میدان میں تلخیوں کو کم کر کے سپورٹس مین اسپرٹ کا مظاہرہ کیا جانا چاہیے۔

عطا تارڑ نے بتایا کہ 8 فروری کو ملک میں تعمیر و ترقی کا آغاز ہوا تھا، اسی مناسبت سے اس دن کو یوم تعمیر و ترقی کے طور پر منایا جائے گا۔

وزیر اطلاعات نے چیمپیئنز ٹرافی کے پاکستان میں انعقاد کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہمارے کرکٹ میدانوں میں رونقیں واپس آ رہی ہیں۔ ویسٹ انڈیز کے خلاف قومی کرکٹ ٹیم کی شاندار کارکردگی پر خوشی کا اظہار کیا اور پاکستان کرکٹ بورڈ کی کوششوں کو سراہا۔

انہوں نے وفاقی دارالحکومت میں میڈیا کرکٹ لیگ کے انعقاد کو بھی خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ فائنل میچ شاندار تھا، اور جیتنے والی ٹیم کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد دی۔

مصنف کے بارے میں