اسلام آباد: چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ حکومت اور اپوزیشن کے درمیان اس وقت میچ نہیں بلکہ مذاکرات کا عمل جاری ہے۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے یوسف رضا گیلانی نے بتایا کہ حکومت اور تحریک انصاف کے درمیان بات چیت کے لیے ایک پلیٹ فارم فراہم کیا گیا ہے، اور اس بات چیت کو ملکی سیاسی استحکام کے لیے ضروری قرار دیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ ملک میں موجود سیاسی صورتحال کا حل صرف اور صرف مذاکرات میں ہے، اور کوئی بھی دوسرا آپشن دستیاب نہیں۔
یوسف رضا گیلانی نے اس بات کی بھی نشاندہی کی کہ سینٹر اعجاز چودھری کے پروڈکشن آرڈرز جاری کیے گئے تھے، مگر انہیں سینیٹ کے اجلاس میں شامل نہیں کیا گیا۔
چیئرمین سینیٹ نے مزید کہا کہ میڈیا کرکٹ لیگ کا انعقاد ایک خوش آئند اقدام ہے اور اس سے صحت مند سرگرمیوں کو فروغ ملے گا۔