حکومتی ٹیم نے پی ٹی آئی کے مطالبات پر تحریری جواب تیار کر لیا

04:08 PM, 20 Jan, 2025

نیوویب ڈیسک

اسلام آباد: حکومتی مذاکراتی ٹیم نے پی ٹی آئی کے تحریری مطالبات کے جواب تیار کر لیے ہیں۔

ذرائع کے مطابق حکومتی ٹیم نے تحریک انصاف کے مطالبات پر تفصیلی جواب تیار کیا ہے، جس میں 9 مئی کے واقعات پر جوڈیشل کمیشن کے قیام کی مخالفت کی گئی ہے۔ حکومتی جواب میں کہا گیا ہے کہ چونکہ 9 مئی کے واقعات پر مقدمات عدالتوں میں زیر سماعت ہیں اور کچھ ملزمان کو ملٹری کورٹس سے سزائیں بھی ہو چکی ہیں، اس لیے جوڈیشل کمیشن کا قیام ممکن نہیں۔

تحریری جواب میں مزید کہا گیا ہے کہ پی ٹی آئی کی جانب سے 26 نومبر سے متعلق لاپتہ افراد کی فہرست اور گرفتار افراد کی تفصیلات فراہم کی جائیں تاکہ ان کی رہائی پر کوئی فیصلہ کیا جا سکے۔ حکومت نے یہ بھی مطالبہ کیا ہے کہ پی ٹی آئی کی جانب سے کی جانے والی ہلاکتوں کے دعوے کی تفصیلات فراہم کی جائیں۔

ذرائع کے مطابق حکومتی ٹیم آئندہ چند دنوں میں اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کو تحریری جواب پیش کرے گی، جس کے بعد سپیکر حکومتی جواب موصول ہونے پر مذاکرات کے چوتھے اجلاس کا فیصلہ کریں گے۔

مزیدخبریں