کراچی میں کورونا پھیلنے کی خبر غلط، 100 میں سے صرف 7 افراد کا ٹیسٹ مثبت آیا: وزیر صحت سندھ

کراچی میں کورونا پھیلنے کی خبر غلط، 100 میں سے صرف 7 افراد کا ٹیسٹ مثبت آیا: وزیر صحت سندھ

کراچی: وزیر صحت سندھ ڈاکٹر عذرا پیچوہو نے کراچی میں کورونا کے پھیلاؤ کی خبروں کو غلط قرار دیتے ہوئے کہا کہ 100 افراد کے کورونا ٹیسٹ کیے گئے، جن میں سے صرف 7 افراد کا ٹیسٹ مثبت آیا۔

وزیر صحت نے کہا کہ کورونا کے ٹیسٹ موسمی فلو اور انفلوئنزا ایچ ون این ون میں مبتلا افراد کے احتیاطی طور پر کرائے گئے تھے، اور ان میں سے اکثر افراد میں کورونا کی علامات بہت ہلکی تھیں۔ ان مریضوں کو معمولی علامات کے پیش نظر گھر بھیج دیا گیا تھا۔

انہوں نے مزید کہا کہ دنیا بھر میں کورونا کو اب فلو کی طرح سمجھا جا رہا ہے، اور اس سے گھبرانے کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔

اسی دوران، محکمہ صحت سندھ نے کورونا اور انفلوئنزا ایچ ون این ون کے کیسز کے حوالے سے ہسپتالوں میں ہنگامی گائیڈ لائنز جاری کر دی ہیں۔ ڈی جی ہیلتھ سندھ نے تمام ڈسٹرکٹ ہیلتھ افسران کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے ماتحت ہیلتھ سینٹرز کو الرٹ رکھیں اور نزلہ، زکام یا کھانسی کے مریضوں کو ویکسین لگوائیں۔

مزید برآں، ڈی جی ہیلتھ سندھ نے ہدایت کی کہ کورونا یا انفلوئنزا کی علامات ظاہر ہونے والے مریضوں کو فوری طور پر آئسولیٹ کر لیا جائے۔

یاد رہے کہ دو روز قبل، ماہر متعدی امراض پروفیسر سعید خان نے بتایا تھا کہ ڈاؤ ہسپتال میں بخار اور کھانسی کی علامات والے 25 سے 30 فیصد مریضوں میں کورونا کی تصدیق ہو رہی ہے، جبکہ 10 سے 12 فیصد مریضوں میں انفلوئنزا ایچ ون این ون کی تصدیق ہوئی ہے۔ پروفیسر سعید خان نے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اپنانے اور ویکسین لگوانے کی اہمیت پر زور دیا۔

مصنف کے بارے میں