سندھ اور پنجاب میں تیل و گیس کے نئے ذخائر کی دریافت، او جی ڈی سی ایل کی تفصیلات سٹاک ایکسچینج کو ارسال

03:32 PM, 20 Jan, 2025

نیوویب ڈیسک

اسلام آباد: آئل اینڈ گیس ڈیولپمنٹ کمپنی لمیٹڈ (او جی ڈی سی ایل) نے سندھ اور پنجاب میں تیل و گیس کے نئے ذخائر دریافت کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

کمپنی کی جانب سے پاکستان سٹاک ایکسچینج کو بھیجے گئے بیان میں کہا گیا ہے کہ حیدرآباد کے پساکھی آئل فیلڈ 7 میں پہلی بار ملٹی فزیو کیمیکل سٹیمیولیشن ٹیکنالوجی کا استعمال کیا گیا۔ اس ٹیکنالوجی کے ذریعے پساکھی آئل فیلڈ سے خام تیل کی یومیہ پیداوار 375 بیرل سے بڑھ کر 520 بیرل ہوگئی ہے، جس سے 145 بیرل کا اضافہ ہوا۔

او جی ڈی سی ایل نے یہ بھی بتایا کہ رحیم یار خان میں واقع ماری ایسٹ فیلڈ سے گیس کے ذخائر دریافت ہوئے ہیں۔ اس گیس کو 14.5 کلومیٹر طویل پائپ لائن کے ذریعے اینگرو فرٹیلائزر کو فراہم کیا جا رہا ہے، جس کی مقدار دو ایم ایم ایس سی ایف ڈی ہے۔

یہ دریافتیں پاکستان کے توانائی کے شعبے میں اہم پیشرفت کی علامت ہیں، جو توانائی کی ضروریات کو پورا کرنے میں مددگار ثابت ہوں گی۔

مزیدخبریں