بانی پی ٹی آئی نے حکومت کو سات دن کی مہلت دے دی، کمیشن نہ بنا تو چوتھی میٹنگ نہیں ہوگی، بیرسٹر گوہر

03:25 PM, 20 Jan, 2025

نیوویب ڈیسک

اسلام آباد: پی ٹی آئی کے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان نے اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عرفان صدیقی حکومتی مذاکراتی کمیٹی کے ترجمان ہیں، اور ان کے لیے یہ مناسب نہیں کہ وہ مذاکرات میں رکاوٹ ڈالیں۔

بیرسٹر گوہر نے مزید کہا کہ آرمی چیف سے ہماری ملاقات میں لاء اینڈ آرڈر کی صورت حال پر بات کی گئی تھی اور اس پر کسی بھی تنازعے کی گنجائش نہیں ہونی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت کے ساتھ مذاکرات جاری رکھنا چاہتی ہے، تاہم ہماری شرط ہے کہ جوڈیشل کمیشن بنایا جائے۔ بانی پی ٹی آئی نے کہا ہے کہ اگر سات دنوں میں کمیشن قائم نہیں کیا جاتا تو چوتھی میٹنگ نہیں ہو گی۔

انہوں نے کہا کہ ہم حکومت کے جواب کا انتظار کر رہے ہیں کہ وہ اس معاملے میں کیا پیش رفت کرتی ہے۔ اگر کمیشن نہیں بنتا تو مذاکرات کا کوئی فائدہ نہیں ہوگا۔ بیرسٹر گوہر نے یہ بھی کہا کہ حکومت اس معاملے پر گھبراہٹ کا شکار ہے کیونکہ یہ حکومت فارم 47 کی ہے۔ حکومت کو مذاکرات پر توجہ دینی چاہیے، کیونکہ ان کی کامیابی پاکستان کی کامیابی ہے۔

بیرسٹر گوہر نے مزید کہا کہ مذاکرات میں تحمل اور صبر سے کام لینا چاہیے، اور معاملات کو آگے بڑھانے کے لیے جلدبازی سے گریز کرنا ضروری ہے۔

آخر میں، انہوں نے کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ کی حلف برداری کے دعوت نامے سرکاری سطح پر نہیں آتے، بلکہ یہ دعوت نامے ان کی الیکشن کمیٹی کی جانب سے طے کیے جاتے ہیں۔

مزیدخبریں