ممبئی : معروف بھارتی رئیلٹی شو بگ باس کے سیزن 18 کا ٹائٹل ٹی وی اداکار کرن ویر مہرا نے اپنے نام کر لیا۔ ساڑھے تین ماہ سے زائد جاری رہنے والے اس شو کا اختتام کرن ویر مہرا کی جیت کے ساتھ ہوا۔
بگ باس 18 کے فائنل میں کرن ویر مہرا نے اپنے ساتھی ویوین ڈسینا کو شکست دی، جبکہ رجت دلال نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ اس سیزن کے فائنل میں کرن ویر مہرا، ویوین ڈسینا، ایشا سنگھ، اویناش مشرا، چم دارنگ اور رجت دلال سمیت چھ کنٹسٹنٹس نے حصہ لیا۔ رئیلٹی شو بگ باس کے میزبان سلمان خان نے فائنل میں کرن ویر مہرا اور ویوین ڈسینا کو اسٹیج پر بلایا اور پھر فاتح کا اعلان کیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق کرن ویر مہرا کو 50 لاکھ بھارتی روپے کی انعامی رقم اور ایک چمچماتی ٹرافی دی گئی۔ یاد رہے کہ کرن ویر مہرا اس سے قبل خطروں کے کھلاڑی سیزن 14 کا ٹائٹل بھی جیت چکے ہیں۔ بگ باس میں فاتح کا انتخاب عوام کے ووٹوں کی بنیاد پر کیا جاتا ہے۔ گزشتہ سیزن کا ٹائٹل کامیڈین منور فاروقی نے جیتا تھا۔