پاکستان کے بالائی علاقوں میں برفباری کا سلسلہ جاری، سردی کی شدت میں اضافہ

11:31 AM, 20 Jan, 2025

نیوویب ڈیسک

کوئٹہ : پاکستان کے بالائی علاقوں میں شدید برفباری کا سلسلہ جاری ہے، جس کے باعث بلوچستان، خیبر پختونخوا اور کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں برف ہی برف نظر آ رہی ہے۔ مستونگ، کوئٹہ، زیارت، کوژک ٹاپ، خانو زئی اور کان مہتر زئی سمیت مختلف علاقے برف سے ڈھک گئے ہیں۔ وادی نیلم میں بھی شدید برفباری ہوئی، جس کے باعث گریس ویلی کی مین شاہراہ اور متعدد رابطہ سڑکیں بند کر دی گئیں۔

استور کے بالائی علاقوں میں بھی کئی انچ برف پڑ چکی ہے، جب کہ کالام اور مالم جبہ کے پہاڑوں پر برفباری کا نیا سلسلہ شروع ہو چکا ہے۔ ان علاقوں میں ٹھنڈ کی شدت میں اضافہ دیکھنے کو مل رہا ہے۔ سردی کی شدت کے حوالے سے بات کریں تو، لہہ کا درجہ حرارت منفی 9 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا، گوپس میں منفی 6، سکردو اور مالم جبہ میں منفی 4، اور استور، ہنزہ اور پارا چنار میں منفی 3 درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا ہے۔

اس شدید سردی اور برفباری کے باعث لوگوں کو مشکلات کا سامنا ہو رہا ہے، اور حکام کی جانب سے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایات دی گئی ہیں۔

مزیدخبریں