پہلی کمرشل پرواز نیو گوادر انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر لینڈ کر گئی

پہلی کمرشل پرواز نیو گوادر انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر لینڈ کر گئی

گوادر : آج کا دن پاکستان کی فضائی تاریخ میں ایک اہم سنگ  ہے ، کیونکہ نیو گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ (این جی آئی اے پی) اپنے آپریشنز کا آغاز کر رہا ہے۔پہلی کمرشل پرواز نیو گوادر انٹرنیشنل ائیر پورٹ پر لینڈ کر گئی ، پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) کی پہلی پرواز (PIA503) کراچی سے گوادر پہنچی ہے، جو ایک اے ٹی آر 42 طیارہ ہے۔

پہلی پرواز کراچی سے پی کے 503 نیوگوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچی جہاں پر افتتاحی پرواز کا رن وے پر واٹر کینن سلیوٹ کے ساتھ شاندار استقبال کیا گیا۔ اس موقع پر وزیر دفاع و ہوا بازی خواجہ محمد آصف، گورنر اور وزیراعلیٰ بلوچستان نے پہلی کمرشل پرواز کا استقبال کیا اور مسافروں کو پھول پیش کئے۔

 ترجمان پی آئی اے کے مطابق نیو گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ کیلئے پہلی پرواز پی کے 503 کراچی سے 46 مسافروں کو لے کر 9 بج کر 50 منٹ پر روانہ ہوئی تھی ۔ ترجمان کے مطابق نیو گوادر ایئرپورٹ کا 3.6 کلومیٹر طویل رن وے بڑے طیاروں کیلئے موزوں ہے، نیو گوادر ایئرپورٹ پر ایئر بس اور بوئنگ طیارے لینڈ کر سکیں گے، 430 ایکڑ پر مشتمل گوادر ایئرپورٹ رقبے کے لحاظ سے پاکستان کا سب سے بڑا ایئرپورٹ ہے ۔ یہ سی پیک کا فلیگ شپ منصوبہ ہے، ایئرپورٹ پر جدید سکیورٹی اور مسافروں کو سہولتیں دستیاب ہوں گی۔

تقریب میں گورنر بلوچستان جعفر خان مندوخیل، وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی، اور دیگر اہم شخصیات سمیت وفاقی و صوبائی حکومت کے اعلیٰ حکام اور مسلح افواج کے افسران بھی  شریک ہوئے۔ ایوی ایشن کے اعلیٰ افسران جیسے کہ سیکریٹری ایوی ایشن احسن علی منگی، ڈائریکٹر جنرل پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی ایئر وائس مارشل ذیشان سعید، اور دیگر متعلقہ حکام بھی تقریب  تھے۔

مصنف کے بارے میں