مشرق وسطیٰ میں تاریخی جنگ بندی ہماری کامیابی ہے ،ٹرمپ

مشرق وسطیٰ میں تاریخی جنگ بندی ہماری کامیابی ہے ،ٹرمپ

واشنگٹن : نومنتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے واشنگٹن میں حامیوں سے خطاب کرتے ہوئے اپنی حکومت کے آغاز کی اہم ترجیحات کا اعلان کیا۔ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ غزہ میں جنگ بندی اُن کی تاریخی کامیابی کا نتیجہ ہے اور یہ مشرق وسطیٰ میں امن کے لیے ایک اہم قدم ہے۔

اپنے خطاب میں ٹرمپ نے وعدہ کیا کہ وہ سرحدی حفاظتی اقدامات کو مزید مستحکم کریں گے اور افتتاحی خطاب میں سرحد سے دراندازی روکنے کے لیے واضح منصوبہ پیش کریں گے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ فوج کو آئرن ڈوم میزائل دفاعی شیلڈ کے منصوبے پر عمل درآمد کا حکم دیں گے اور فوج کی موجودہ کمزوریوں کو ختم کریں گے۔

ٹرمپ نے سابق امریکی صدر جان ایف کینیڈی کے قتل کیس کے ریکارڈ جاری کرنے کا وعدہ کیا اور کہا کہ وہ رابرٹ ایف کینیڈی اور مارٹن لوتھرکنگ جونیئر کے قتل سے متعلق ریکارڈ بھی عوام کے سامنے لائیں گے۔ اس کے علاوہ، ٹرمپ نے ٹرانس جینڈر کھلاڑیوں کو خواتین کے کھیلوں میں حصہ لینے سے روکنے کا عزم ظاہر کیا اور کہا کہ وہ مردوں کو خواتین کے سپورٹس سے باہر کریں گے۔

نومنتخب صدر نے ٹک ٹاک کے مستقبل پر بھی بات کی، اور کہا کہ امریکا کو ٹک ٹاک کی نصف ملکیت حاصل کرنی چاہیے، جس کے ذریعے اس کی مارکیٹ کیپٹلائزیشن کھربوں ڈالر تک پہنچ سکتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بڑے AI پلانٹس کی اجازت دینے کے لیے ایمرجنسی اختیارات استعمال کریں گے۔ اس موقع پر ایلون مسک بھی اسٹیج پر موجود تھے، جنہوں نے مختصر خطاب میں کہا کہ یہ کامیابی صرف شروعات ہے اور امریکا کے لیے اہم تبدیلیاں لانا ضروری ہیں تاکہ ملک کو صدیوں تک مضبوط بنایا جا سکے۔

واضح رہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ کی حلف برداری کی تقریب آج شام ہوگی۔ واشنگٹن میں شدید سردی کے باعث یہ تقریب انڈور منعقد کی جائے گی، جہاں درجہ حرارت منفی 11 ڈگری تک گرنے کا امکان ہے۔ ٹرمپ کی حلف برداری میں جاپان، بھارت، آسٹریلیا کے وزرائے خارجہ اور چین کے نائب صدر سمیت پاکستان کے سفیر رضوان سعید شیخ شرکت کریں گے۔ اس کے علاوہ پاکستان کی سیاسی شخصیات اور پاکستانی امریکن کمیونٹی بھی تقریب میں شریک ہو گی۔

مصنف کے بارے میں