پراپرٹی ٹائیکون ملک ریاض اور ان کے بیٹے علی ریاض کے تمام اثاثے، بینک اکاؤنٹس منجمد

پراپرٹی ٹائیکون ملک ریاض اور ان کے بیٹے علی ریاض کے تمام اثاثے، بینک اکاؤنٹس منجمد

اسلام آباد : پراپرٹی ٹائیکون ملک ریاض اور ان کے بیٹے علی ریاض ملک کے تمام اثاثے اور بینک اکاؤنٹس منجمد کر دیے گئے۔ منجمد گاڑیوں میں لینڈ کروزر، بی ایم ڈبلیو شامل ہیں۔

ڈان نیوز کے مطابق احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے 12 جنوری کو 190 ملین پاؤنڈ کیس میں  ملک ریاض اور ان کے بیٹے کی منقولہ اور غیر منقولہ جائیدادیں منجمد کرنے کے احکامات جاری کیے تھے۔


سابق وزیراعظم عمران خان کے معاونین زلفی بخاری اور شہزاد اکبر، فرحت شہزادی عرف فرح خان گوگی اور ایک وکیل ضیا المصطفیٰ نسیم کی جائیدادیں بھی منجمد کرنے کا حکم دیا گیا تھا۔

عدالت نے ملک بھر کے ریونیو افسران کو ملزمان کی غیر منقولہ جائیدادیں ضبط کرنے کا حکم دیا تھا جبکہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن افسران کو ان کے ناموں پر رجسٹرڈ گاڑیاں ضبط کرنے کا حکم بھی دیا گیا تھا۔

عدالت نے کمرشل بینکوں کو ہدایت کی تھی کہ وہ ان کے کھاتوں کو منجمد کریں اور لین دین یا سرمایہ نکالنے کی اجازت نہ دیں۔

عدالت نے ملزمان کی ملکیتی جائیدادوں سے کرائے کی آمدنی حاصل کرنے کے لیے نیب کے ایک ایڈیشنل ڈائریکٹر کو بطور رسیور بھی مقرر کیا تھا۔