کوٹ ادو: چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن کے ساتھ مل کر حکومت نہیں بنائیں گے۔ ہمارا ہدف آزاد امیدوار ہیں اور انہیں ساتھ ملا کر پیپلز پارٹی 172 ارکان پورے کرلے گی۔ انہوں نے مسلم لیگ ن کے وزارت عظمیٰ کے امیدوارنواز شریف کو مناظرے کا چیلنج کردیا۔
کوٹ ادو میں جلسے اور نجی ٹی وی کو انٹرویو میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ نواز شریف آئی جے آئی والی سیاست کر رہے ہیں وہ مثبت سیاست کریں۔ نواز شریف جب بھی حکومت میں آئے انہوں نے ملک و قوم کا نقصان کیا۔ وہ صرف انتقام کی سیاست کر رہے ہیں۔
بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم کی حکومت کے دوران میں وزارت خارجہ چھوڑنا چاہتا تھا۔ زرداری صاحب سے بات کی تو انہوں نے کہا کہ میں نے وعدہ کیا ہے کسی کو دھوکا نہیں دے سکتا۔ شہباز شریف کی حکومت ریاست نہیں بلکہ اپنی سیاست بچا رہے تھے جو نہیں بچ سکی۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ مسلم لیگ ن کے ساتھ نہیں چل سکتے۔ وہ پرانی سیاست کر رہے ہیں۔ ہم ن لیگ کی بجائے اور آزاد امیدواروں کی حمایت حاصل کریں گے اور ان سے مل کر حکومت بنائیں گے۔ مسلم لیگ ن والے دل میں بغض رکھتے ہیں۔
بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ پاکستانی عوام نہیں چاہتے کہ نواز شریف چوتھی مرتبہ وزیر اعظم بنیں ۔ ن لیگ کے ساتھ اتحاد کیا تو ہم کوئی تبدیلی نہیں لا سکیں گے۔ ن لیگ والوں سے سیاست کو سیاست نہیں چھوڑا۔ ان کا سیاسی انتقام کے علاوہ کوئی ارادہ نہیں۔