عام انتخابات:312 خواتین میدان میں،پی ٹی آئی کو ن لیگ اور پیپلز پارٹی پر برتری

عام انتخابات:312 خواتین میدان میں،پی ٹی آئی کو ن لیگ اور پیپلز پارٹی پر برتری

اسلام آباد :عام انتخابات  میں مجموعی طور پر312 خواتین قومی اسمبلی کا الیکشن لڑرہی ہیں۔سب سے زیادہ 22 خواتین امیدوار پی ٹی آئی کی حمایت سے میدان میں موجود ہیں۔ جبکہ مسلم لیگ ن نے 15 اور پیپلزپارٹی نے 10 خواتین کو قومی اسمبلی کے ٹکٹ  دیئے ہیں۔


نیو نیوز کی رپورٹ کے مطابق عام انتخابات میں خواتین بھی بھر پور مقابلے کے لیے تیار ہیں۔ ملک بھر میں قومی اسمبلی کی نشستوں پر 93  خواتین سیاسی جماعتوں کے ٹکٹ پر الیکشن لڑ رہی ہیں  جبکہ   219 آزاد حیثیت سے انتخابی دوڑ میں شامل ہیں۔

 پی ٹی آئی کی حمایت سے 22 خواتین قومی اسمبلی کی دوڑ میں موجود ہیں جن میں سابق ایم این اے  شاندانہ گلزار اورایمان طاہر بھی شامل ہیں۔پی ٹی آئی نے لاہور، راولپنڈی اور وہاڑی سے دو دو خواتین کو قومی اسمبلی کی نشستوں پر میدان میں اتارا ہے۔

مسلم لیگ ن نے 15 خواتین امیدواروں کو جنرل نشستوں پر ٹکٹ جاری  کیے  ہیں۔ 6 خواتین کو کراچی میں قومی اسمبلی کی ٹکٹیں دی گئی ہیں۔


پیپلزپارٹی کی جانب سے  10 خواتین پر اعتماد کا اظہار کیا گیا ہے جن میں تین، تین کا تعلق سندھ اور خیبرپختون خوا سے جبکہ چار کا   پنجاب سے ہے۔ 

خواتین کو جنرل نشستوں پر میدان میں اتارنے والی جماعتوں میں جماعت اسلامی کا چوتھا نمبر ہے جس  کی  7 خواتین امیدوار میدان میں ہیں۔ایم کیو ایم نےتین   اور جے یو آئی نے صرف ایک خاتون کو قومی اسمبلی کا ٹکٹ دیا ہے۔سائرہ بانو قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 210 ٹنڈو آدم شہداد پور سے جی ڈی اے کی امیدوار ہیں۔