پیپلز پارٹی کے انتخابی دفتر پر پٹرول بم حملہ: چیف الیکشن کمشنر کا نوٹس، 10 افراد کیخلاف مقدمہ درج

12:00 PM, 20 Jan, 2024

نیوویب ڈیسک

لاہور: چیف الیکشن کمشنر  سکندر سلطان راجا نے  صوبائی دارلحکومت لاہور میں پاکستان پیپلز پارٹی کے انتخابی دفتر پر نامعلوم افراد کے پٹرول بم حملے کا نوٹس لے لیا۔   صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی پی-162 سے امیدوار منظر عباس کھوکھر کے بیٹے کی مدعیت میں 10 افراد پر مقدمہ درج کر لیا گیا۔ 

ترجمان الیکشن کمیشن نے بتایا کہ چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے پیپلز پارٹی کے انتخابی دفتر پر حملے کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی پنجاب کو ہدایات جاری کر دیں اور پی پی کی شکایت پر ایف آئی آر  کے اندراج کا حکم بھی دے دیا۔

چیف الیکشن کمشنر کے حکم کے بعد پولیس نےصوبائی اسمبلی کے حلقہ پی پی-162 سے امیدوار منظر عباس کھوکھر کے بیٹے کی مدعیت میں 10 افراد پر مقدمہ درج کر لیا۔ 

مدعی مقدمے نے موقف اپنایا کہ  نامعلوم افراد پٹرول سے بھری بوتلیں لے کر دفتر پر حملہ آور ہوئے، آفس کے دروازوں اور بینرز پر پھینک کر آگ لگا دی۔

خیال رہے کہ لاہور میں صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی پی-162 سے پیپلز پارٹی کے امیدوار منظر عباس کھوکھر کے ٹاؤن شپ میں دفتر پر نامعلوم افراد سحری کے وقت گیٹ پر پٹرول بم پھینک کر فرار ہو گئے جس کے نتیجے میں دفتر کے دروازے پر لگے بینرز اور پینا فلیکس سمیت دیگر اشیا جل کر راکھ ہوگئیں۔

مزیدخبریں