لاہور: صوبائی دارلحکومت لاہور میں پاکستان پیپلز پارٹی کے انتخابی دفتر پر نامعلوم افراد نے پٹرول بم حملہ کردیا۔ جس کے نتیجے میں دفتر کے دروازے پر لگے بینرز اور پینا فلیکس سمیت دیگر اشیا جل کر راکھ ہوگئیں۔
لاہور میں صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی پی-162 سے امیدوار منظر عباس کھوکھر کے مطابق پیپلز پارٹی کے ٹاؤن شپ میں دفتر پر نامعلوم افراد سحری کے وقت گیٹ پر پٹرول بم پھینک کر فرار ہو گئے جس سے ان کا کافی سامان جل گیا۔
انہوں نے کہا کہ مخالفین میری انتخابی مہم سے خوفزدہ ہو کر اوچھی حرکتوں پر اتر آئے ہیں لیکن اس طرح کے منفی ہتھکنڈوں سے میری انتخابی مہم کم نہیں بلکہ مزید بڑھے گی۔
منظر عباس کھوکھر نے مزید کہا کہ واقعہ کا پرچہ درج کروانے کے لیے تھانہ ٹاؤن شپ میں درخواست دے دی گئی ہے۔
دوسری جانب پاکستان پیپلز پارٹی کی نائب صدر شیری رحمٰن اور پنجاب کے قائم مقام صدر رانا فاروق سعید نے این اے۔127 میں پیپلز پارٹی کے دفتر پر حملے کی مذمت کی۔
شیری رحمٰن کا کہنا تھا کہ چند مخالفین نے الیکشن آفس پر پٹرول بم سے حملہ کیا جو تشویشناک اور قابل مذمت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس ہماری ایف آئی آر درج کرنے سے بھی انکار کر رہی ہے اور پنجاب پولیس کے ذمہ داران اور الیکشن کمیشن کو واقعے کا سختی سے نوٹس لینا چاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اس حلقے سے انتخابات لڑ رہے ہیں، ان کے الیکشن آفس پر حملہ ظاہر کرتا ہے کہ کچھ لوگ ان کی پرجوش انتخابی مہم اور پنجاب میں پذیرائی سے پریشان ہیں۔
شیری رحمٰن نے کہا کہ پیپلز پارٹی ملک بھر میں انتخابی مہم جاری رکھے گی اور اس طرح کے ہتھکنڈے ہمیں عوام سے دور نہیں کر سکتے۔