اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے 15 رکنی قومی کفایت شعاری کمیٹی تشکیل دیدی ہے جو سرکاری اداروں کے نقصانات کا جائزہ لے کر اقدامات تجویز کرے گی اور 15 روز میں وزیر اعظم کو سفارشات دے گی۔
تفصیلات کے مطابق قومی کفایت شعاری کمیٹی سے متعلق جاری کئے گئے نوٹیفکیشن میں بتایا گیا ہے کہ سابق پرنسپل سیکرٹری ناصر محمود کھوسہ کمیٹی کے کنوینر ہوں گے جبکہ وزیر مملکت برائے خزانہ عائشہ غوث پاشا کمیٹی کی شریک کنوینر ہوں گی۔
قومی کفایت شعاری کمیٹی کے دیگر ممبران میں چاروں صوبائی چیف سیکرٹریز، معاون خصوصی خزانہ، مشیر اسٹیبلشمنٹ، معاون خصوصی حکومتی کارکردگی، چیئرمین سی ڈی اے، خزانہ، کابینہ، پاور اور ہاؤسنگ سیکرٹریز کے علاوہ معاشی ماہرین قیصر بنگالی، زبیر خان، فرخ سلیم اور گورننس سپیشلسٹ محمد نوید افتخار بھی شامل ہیں۔
قومی کفایت شعاری کمیٹی کے جاری کردہ ٹی او آرز کے مطابق یہ کمیٹی سرکاری اخراجات میں کمی، مالی نظم و ضبط کی سفارشات پیش کرنے کے علاوہ سرکاری وسائل کی بچت کیلئے اقدامات تجویز کرے گی اور حکومتی حجم میں کمی، سٹرکچرل اصلاحات سے متعلق سفارشات بھی مرتب کرے گی۔
ٹی او آرز کے مطابق کمیٹی سرکاری اداروں کے نقصانات کا جائزہ لے کر اقدامات تجویز کرے گی اور 15 روز میں وزیر اعظم کو سفارشات دے گی جبکہ وزارت خزانہ کمیٹی کیلئے سیکرٹریل سپورٹ فراہم کرے گی۔