لاہور: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رکن قومی اسمبلی ناصر خان موسیٰ زئی نے سپیکر راجہ پرویز اشرف کو خط لکھ کر اپنا استعفیٰ منظور نہ کرنے کی درخواست کی ہے۔
تفصیلات کے مطابق خط میں ناصر خان موسیٰ زئی نے سپیکر قومی اسمبلی سے استعفیٰ منظور نہ کرنے کی استدعا کرتے ہوئے کہا ہے کہ سپیکر آفس استعفوں کے معاملے کو اچھی طرح جانتا ہے، میرا استعفیٰ دینے کا کوئی ارادہ نہیں۔
واضح رہے کہ ناصر خان موسیٰ زئی قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 29 سے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے ٹکٹ پر رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔
یاد رہے کہ آج سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے مزید 35 ارکان کے استعفے منظور کئے ہیں اور الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے انہیں ڈی نوٹیفائی بھی کر دیا ہے۔
چند روز قبل بھی سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے پی ٹی آئی کے 34 اراکین قومی اسمبلی اور سابق وزیر داخلہ شیخ رشید کے استعفے منظور کئے تھے۔
اس کے علاوہ جولائی 2022 میں بھی پی ٹی آئی کے 11 اراکین قومی اسمبلی کے استعفے منظور کئے تھے اور یوں اب تک مجموعی طور پی ٹی آئی ارکان کے 79 اور شیخ رشید کا ایک استعفیٰ ملا کر 80 استعفے منظور ہو چکے ہیں۔