لاہور: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنماءراجہ بشارت نے کہا ہے کہ اپوزیشن نے نگران وزیراعلیٰ کیلئے جو نام دئیے، ان سے کہا کہ ایسے نام نہ دیں جن کے خلاف مقدمات ہوں اور کمیٹی میں اس معاملے پر اتفاق رائے نہ ہو نے کے باعث یہ معاملہ الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) کو جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی کے رہنماءراجہ بشارت نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں نگران وزیراعلیٰ کے نام پر پارلیمانی کمیٹی میں اتفاق نہیں ہو سکا، اپوزیشن ارکان نے ہماری رائے سے اتفاق نہیں کیا جبکہ ہم نے جو نام دیئے تھے انہیں اپوزیشن ارکان نے قبول نہ کیا اور اب حکومت اور اپوزیشن کے دونوں نام الیکشن کمیشن کے پاس جانے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن نے جو نام دیئے ان سے کہا ایسے نام نہ دیں جن کیخلاف مقدمات ہوں اور اگر انہیں ہمارے ناموں پر اعتراض ہے تو وہ بھی اپنے اعتراضات جمع کرا سکتے ہیں تاہم کمیٹی میں اتفاق رائے نہ ہونے کے باعث اب نگران وزیراعلیٰ کا تقرر الیکشن کمیشن کرے گا اور چاروں ناموں میں سے کسی ایک کا انتخاب کیا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی نے جو نام نگران وزیراعلیٰ پنجاب کیلئے دئیے ہیں انہیں کسی بھی پیمانے پر دیکھ لیں، وہ بہتر ہیں اور اب معاملہ الیکشن کمیشن کے پاس جائے گا، ہم امید کرتے ہیں کہ الیکشن کمیشن آزاد فیصلہ کرے گا، اپوزیشن کے نام ہمارے ناموں سے بہتر نہ ہوئے تو ہم اگلے فورم میں جا سکتے ہیں جو عدلیہ ہے۔
اس موقع پر میاں اسلم اقبال کا کہنا تھا کہ کمیٹی اجلاس میں نگران سیٹ اپ کیلئے نام ہمیں فائنل کرنا تھا اور اگر ہمارے دیئے ناموں میں سے کسی پر اتفاق ہو جاتا تو یہ مشکل نہ ہوتی، پنجاب کو ایسے شخص کے حوالے کرنا چاہتے ہیں جو معاملات بہتر طریقے سے چلائے۔