حکومت کے دئیے گئے نام وزیراعلیٰ کیلئے اہلیت نہیں رکھتے: ملک احمد خان

07:56 PM, 20 Jan, 2023

نیوویب ڈیسک

لاہور: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنماءملک احمد خان نے کہا ہے کہ بدقسمتی سے سیاسی سطح پر معاملات طے نہیں ہو سکے اور نگران وزیراعلیٰ کیلئے کسی نام پر اتفاق نہیں ہو سکا، حکومت کے دئیے گئے نام وزیراعلیٰ کیلئے اہلیت نہیں رکھتے اور احد چیمہ سے زیادہ کوئی اہل نہیں ہو سکتا۔ 
تفصیلات کے مطابق میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ملک احمد خان کا کہنا تھا کہ ہمارے خیال میں معاملات سیاسی سطح پر طے ہونے کے چانسز ہوتے ہیں مگر ایسا نہ ہو سکا، حکومت کے جو نام ہیں وہ وزیراعلیٰ بنائے جانے کیلئے بہتر نہیں تھے اور کمیٹی کے اجلاس میں کسی نام پر اتفاق نہیں ہو سکا، بدقسمتی سے سیاسی سطح پرمعاملات طے نہیں ہو سکے۔ 
ان کا کہنا تھا کہ احدچیمہ سے زیادہ کوئی اہل نہیں ہو سکتا جنہیں تین سال حبس بے جا میں رکھا گیا جبکہ انہوں نے میٹرو بس منصوبے کو پایہ تکمیل تک پہنچایا، وہ بہترین انداز میں الیکشن کرا سکتے ہیں جبکہ حکومت کے جونام ہیں وہ وزیراعلیٰ کیلئے اہلیت نہیں رکھتے، اس کے علاوہ محسن نقوی معتبر شخصیت ہیں جنہوں نے سی این این میں کام کیا۔ 

مزیدخبریں