اسلام آباد: ملکی سیاسی اور معاشی صورتحال کے باعث مہنگائی کی صورتحال بھی گمبھیر ہوتی جا رہی ہے اور عوام کا کوئی پرسان حال نہیں ، ادارہ شماریات کے مطابق رواں ہفتے ملک میں مہنگائی کی شرح تقریباً 32 فیصد ہو گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق ادارہ شماریات کی جانب سے جاری کی گئی ہفتہ وار رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ایک کلو پیاز 8 روپے، ایک کلو گھی ڈھائی روپے، ایک کلو زندہ مرغی پونے 12 روپے اور کیلا 4 روپے درجن مہنگا ہوا۔
ادارہ شماریات کے مطابق ایل پی جی کا گھریلو سلنڈر تقریباً 63 روپے مہنگا ہوا جبکہ مجموعی طور پر 23 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ دیکھنے میں آیا۔
رپورٹ کے مطابق رواں ہفتے مہنگائی کی شرح تقریباً 32 فیصد ہو گئی، ایک کلو دال مونگ 2 روپے، دال ماش ڈھائی روپے مہنگی ہوئی جبکہ 20 کلو آٹے کا تھیلا 108 روپے 44 پیسے سستا ہوا، ایک کلو ٹماٹر تقریباً پونے دو روپے اور آلو ایک روپیہ 61 پیسے سستا ہوا۔