الیکشن میں ہار کی وجہ اپنی غلطیاں ہیں، پرویز خٹک

08:41 PM, 20 Jan, 2022

نیوویب ڈیسک

صوابی: وزیر دفاع پرویز خٹک نے کہا ہے کہ الیکشن میں ہار کی وجہ اپنی غلطیاں ہیں تاہم مہنگائی کی وجہ عمران خان نہیں ہیں۔

ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میں نے کبھی اپنے عہدے سے نا انصافی نہیں کی۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم نے کوئی کرپشن بھی نہیں کی۔ ویلیج کونسل کی سطح پر آرگنائزنگ کمیٹی بنائیں گے جبکہ پیٹرول، ڈیزل اور دالیں باہر سے آتی ہیں وہاں مہنگی ہوں گی تو یہاں پر بھی مہنگی ہوں گی۔

صوبہ خیبرپختونخوا کے سابق وزیراعلیٰ پرویز خٹک نے ورکرز کنونشن سے خطاب میں کہا کہ گھبرانا نہیں اور مہنگائی عمران خان کی غلطی نہیں ہے۔ عمران خان غریب عوام کو ریلیف دے رہا ہے جبکہ نواز شریف اور آصف زرداری نے ملک کو لوٹا ہے۔

دوسری جانب الیکشن کمیشن کے مطابق خیبرپختونخوا میں  بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلےکی پولنگ 27 مارچ کو ہو گی۔الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری اعلامیےکے مطابق کاغذات نامزدگی7 سے 11فروری تک جمع ہوسکیں گے، نامزد امیدواروں کی فہرست 12فروری کو جاری ہوگی اور 14 سے 16 فروری تک کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال ہوگی۔

اعلامیے کے مطابق کاغذات نامزدگی مسترد یا منظوری کےخلاف اپیلیں 17 سے 19فروری تک دائرہوں گی، اپیلوں پر فیصلہ 22 فروری تک کیا جائےگا،کاغذات نامزدگی واپس لینے کی آخری تاریخ 25 فروری ہوگی اور  نامزد امیدواروں کی حتمی فہرست 25 فروری کو ہی لگائی جائےگی۔ نامزد امیدواروں کو انتخابی نشانات 28 فروری کو الاٹ ہوں گے، کامیاب امیدواروں کا حتمی اعلان یکم اپریل کو کیا جائےگا۔

خیال رہے کہ 19 دسمبرکو خیبر پختونخوا کے17 اضلاع میں بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے کی پولنگ ہوئی تھی۔

مزیدخبریں