اسلام آباد: نور مقدم قتل کیس میں اہم پیش رفت، اڈیالہ جیل حکام نے مرکزی ملزم ظاہر جعفر کو جسمانی اور ذہنی طور پر مکمل فٹ قرار دے دیا ہے۔
ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج عطا ربانی نے نور مقدم قتل کیس کی سماعت کی۔ دوران سماعت ملزم ظاہر جعفر کو پولیس کی جانب سے سٹریچر پر پیش کیا گیا۔ مرکزی ملزم کے والد ذاکر جعفر کے وکیل بشارت اللہ نے تفتیشی آفیسر عبدالستار پر جرح کی۔
جرح کے دوران تفتیشی افسر نے وکیل بشارت اللہ کے سوالات کے جواب دیئے اور پولیس ریکارڈ کے مطابق سارا واقعہ دہرایا۔ جرح مکمل ہونے کے بعد اڈیالہ جیل حکام کی طرف سے ملزم ظاہر جعفر کی میڈیکل رپورٹ عدالت میں پیش کردی گئی جس میں جیل ہسپتال کے ڈاکٹرز نے ملزم ظاہر ذاکر جعفر کو مکمل طور پر فٹ قرار دیدیا ۔
رپورٹ میں کہا گیا کہ ملزم کا بہت دفعہ میڈیکل کیا گیا، ملزم کا ماہر نفسیات نے بھی مکمل معائنہ کیا اور اسے مکمل فٹ قرار دیا ہے۔ عدالت نے کیس کی سماعت 24 جنوری تک ملتوی کر دی۔