لاہور :انارکلی میں ہونے والے دھماکے سے متعلق اہم تفصیلات سامنے آنے لگیں ،پولیس اور حساس اداروں کا کہنا کہ انہوں نے فوٹیجز کی مدد سے مبینہ دہشگردکی شناخت کر لی ہے ،مزید فوٹیجز کے ذریعے معلومات اکھٹی کی جا رہی ہیں ۔
تفتیشی ذرائع کے مطابق دہشتگرد کی فوٹیجز کے ذریعے شناخت کر لی گئی ہے ،مبینہ دہشت گرد موٹرسائیکل پر جائے وقوعہ تک آیا،اپنے ہدف پر پہنچنے کے بعد مبینہ دہشت گرد نے جائے وقوعہ پر ایک بیگ رکھاجس کے 4 منٹ بعد دھماکہ ہوا ۔
ذرائع کا کہنا ہے مبینہ دہشت گرد کے فرار ہونے کی مزید فوٹیجز حاصل کی جارہی ہیں،دھماکہ میں استعمال ہونے والے بارودی مواد کا جائزہ لیا جا رہا ہے،یہاں انتہائی اہم بات یہ بھی ہے کہ تحقیقات کرنےو الے اداروں کا کہنا ہے موجودہ دھماکہ 2013 کے پرانی انارکلی دھماکے سے مماثلت رکھتا ہے،دھماکہ میں قوی امکان ہے ریموٹ کنٹرول ڈیوائس کا استعمال کیا گیا ہو۔
دوسری جانب انار کلی میں ہونے والے بم دھماکے کی ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ وزیراعلیٰ پنجاب کو پیش کر دی گئی ہے۔ابتدائی تحقیقات کے مطابق پلانٹڈ ڈیوائس سے دھماکا کیا گیا، وزیراعلیٰ کو پیش کی گئی رپورٹ میں دھماکے میں خطرناک ڈیڑھ کلو باروودی مواد استعمال کیا گیا تھا، دھماکہ لوہاری چوک میں ہوا۔
ابتدائی رپورٹ کے مطابق دھماکے میں عمارت اور 8موٹرسائیکلوں کو نقصان پہنچا، 29 افراد زخمی اور 2 افراد جاں بحق ہوئے۔ جاں بحق ہونے والوں میں رمضان اورابصار شامل ہیں،دھماکا ایک بجکر 40منٹ پر ہوا، 1بجکر 44 منٹ پر نامعلوم شخص کی کال آئی کہ نیو انارکلی میں دھماکا ہو اہے ،رپورٹ کے مطابق اطلاع ملتے ہی لاہور پولیس سمیت انتظامیہ فوری وہاں پہنچے ۔