اسلام آباد: وفاقی وزیر توانائی حماد اظہر نے دعویٰ کیا ہے کہ مڈل کلاس طبقے کو ریلیف دینے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ ساتھ ہی انہوں نے اعتراف کیا کہ تنخواہ دار طبقے کو مشکلات کا سامنا ہے۔
پاکستان تحریک انصاف سے تعلق رکھنے والے وفاقی وزیر توانائی حماد اظہر نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج ملکی معیشت کے حوالے سے بہت اچھی خبر آئی ہے اور گردشی قرضے میں سالانہ 130 ارب روپے کی کمی ہو رہی ہے۔
حماد اظہر نے کہا کہ ن لیگ اپنے اقتدار کے آخری سال کے قرضوں کا نہیں بتاتی ہے جبکہ سابقہ حکومت سے کرنٹ اکاؤنٹ خسارے کی بیماری ملی۔ موجودہ حکومت کو ملکی تاریخ کا ریکارڈ کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ ملا لیکن حکومت نے کورونا کے باوجود معاشی استحکام کا ہدف حاصل کیا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ صنعت میں 7.8 فیصد جب کہ خدمات کے شعبے میں 5 فیصد اضافہ ہوا۔ جب معیشت 5.38 فیصد سے ترقی کرے گی تو ہزاروں نوکریاں پیدا ہوں گی جبکہ عالمی سطح پر مہنگائی کا سیلاب آیا ہے اور اس کا اثر پاکستان پر بھی پڑا ہے۔
پی ٹی آئی کے وفاقی وزیر حماد اظہر نے کہا کہ لاہور واقعے میں ملوث ملزمان کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا، کسی شرپسند کو امن و امان خراب کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ قانون نافذ کرنے والے ادارے لاہور واقعے کی تحقیقات کر رہے ہیں۔