اسلام آباد: وزارت تعلیم نے وفاقی سرکاری سکولوں میں بستے ختم کر دئیے گئے ہیں اور اس کیساتھ ہی اساتذہ کیلئے ٹیکنالوجی ٹریننگ پروگرام لانے کا اعلان بھی کر دیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پارلیمانی سیکرٹری وجیہہ قمر نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں بچوں کی معیاری تعلیم کی طرف توجہ دینے کی ضرورت ہے جس کیلئے کام کر رہے ہیں، بکس فری بیگز پروگرام صرف وفاقی دارالحکومت تک ہی محدود نہیں رہے گا بلکہ اس کے دائرہ کار کو پھیلایا جائے گا، بچوں کی کردار سازی میں اساتذہ کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔
ایڈیشنل سیکرٹری وزارت تعلیم محی الدین وانی کا اس موقع پر کہنا تھا حکومت نے بچوں کے بیگ کا وزن کم کیا ہے مگر اس کیساتھ ہی پہلی سے پانچویں جماعت کے بچوں کی اخلاقیات پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ اساتذہ کو بچوں کیساتھ محنت کرنا ہو گی اور اس مقصد کو پورا کرنے کیلئے ٹیکنالوجی ٹریننگ پروگرام لانے جا رہے ہیں جس کے تحت اساتذہ کو ٹریننگ دی جائے گی۔
اس موقع پر اکرام علی ملک ڈائریکٹر جنرل وفاقی نظامت تعلیمات نے کہا کہ بچوں کی ذہنی اور جسمانی مسائل کو ختم کرنے کے پیش نظر بکس فری بیگز پروگرام متعارف کروایا گیا ہے، کتابوں کا ایک سیٹ گھر اور ایک سکول رکھا جائے گا اور نئے تعلیمی سال میں اسلام آباد کے تعلیمی اداروں میں یہ سسٹم نافذ کریں گے۔
وزارت تعلیم نے وفاقی سرکاری سکولوں میں بستے ختم کر دئیے
06:18 PM, 20 Jan, 2022