آسٹریلین کرکٹ ٹیم کے معروف کھلاڑیوں نے دورہ پاکستان کا ارادہ کر لیا، پاکستانیوں کیلئے خوشخبری

05:42 PM, 20 Jan, 2022

کینبرا: آسٹریلین کرکٹ ٹیم کے صف اول کے کھلاڑیوں نے پاکستان آنے کا ارادہ کر لیا ہے اور کرکٹرز ایسوسی ایشن کے چیف ایگزیکٹو ٹوڈ گرین برگ نے بھی تمام کھلاڑیوں کا سیریز میں حصہ لینے کا عندیہ دیا ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق آسٹریلین کرکٹ ٹیم نے رواں برس مارچ میں 1998ءکے بعد پاکستان کا پہلا دورہ کرنا ہے اور دونوں ممالک کے درمیان سیریز کو انتہائی اہمیت کا حامل قرار دیا جا رہا ہے اور اس بات کو یقینی بنانے کی کوششیں کی جا رہی ہیں کہ پاکستان آنے والی آسٹریلین ٹیم میں معروف کھلاڑی بھی شامل ہوں۔ 
آسٹریلین کرکٹرز ایسوسی ایشن کے چیف ایگزیکٹیو گرین برگ کا کہنا ہے کہ یہ ایک انتہائی اہم دورہ ہے جس دوران ہماری ٹیم نے 3 ٹیسٹ میچز کھیلنے ہیں، میری کھلاڑیوں سے بات چیت ہوئی ہے اور وہ دنیا کی بہترین ٹیموں کے خلاف مختلف کنڈیشنز میں اپنی صلاحیتوں کو پرکھنا چاہتے ہیں۔ 
انہوں نے کہا کہ آسٹریلین ہونے کے ناطے اس بات کو یقینی بنانا ہمارا فرض ہے کہ بڑے پیمانے پر بین الاقوامی کرکٹ کا سلسلہ جاری رہے، ہم صرف دنیا بھر کی ٹیموں کے دورہ آسٹریلیا کی ہی توقع نہیں کر سکتے بلکہ ہمیں بھی دیگر ممالک کا دورہ کرنا ہو گا۔ 
واضح رہے کہ اس سے قبل آسٹریلین کرکٹ ٹیم کے کپتان پیٹ کومنز بھی تمام کھلاڑیوں پر زور دے چکے ہیں کہ وہ دورہ پاکستان کی اہمیت کو سمجھتے ہوئے اپنی دستیابی ظاہر کریں جبکہ انہوں نے امید ظاہر کی تھی کہ ٹیم میں شامل تمام کھلاڑی دورہ پاکستان کیلئے راضی ہو جائیں گے۔ 

مزیدخبریں