لاہور:جوہر ٹاؤن بم دھماکہ کیس میں سزائے موت کے مجرم نے لاہور ہائیکورٹ میں سزا کالعدم قرار دینے کی اپیل کر دی۔
تفصیلات کے مطابق جوہر ٹاؤن بم دھماکہ کیس میں 9بار سزائے موت پانے والے ملزم نے لاہور ہائیکورٹ میں اپیل دائر کر دی،ملزم عید گل نے موقف اپنایا انسداد دہشت گردی عدالت نے ناکافی شواہد کے باوجود موت، قید اور جرمانے کی سزا سنائی،، ملزم نے سزا کالعدم قرار دینے کی استدعا کر دی۔
خیال رہے کہ لاہور کی انسداددہشت گردی عدالت نے 12 جنوری کو جوہر ٹاون بم دھماکہ کیس کا محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے ملزموں کو 9،9 بار سزائے موت سنا دی ،انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے وکلاءکے دلائل مکمل ہونے کے بعد فیصلہ محفوظ کیا تھا۔
عدالت نے سکیورٹی خدشات کے باعث کیس کی سماعت جیل میں کی تھی، ملزمان پیٹر پال، عید گل، عائشہ گل، ضیا اللہ اور سجاد اس مقدمہ میں نامزد ملزمان ہیں جنہیں سزا سنائی گئی،چالان میںسی ٹی ڈی نے ملزموں کو جوہر ٹاون دھماکہ کیس میں گناہ گار قرار دے رکھا تھا ۔
قبل ازیں پراسکیوشن کے 56 گواہوں نے ملزموں کیخلاف بیانات قلمبند کروائے،پراسکیوٹر نے موقف اختیار کیا کہ فرانزک شواہد اور گواہان کے بیانات سے ملزمان کا جرم ثابت ہوتا ہے ملزمان کو سزائے موت دی جائے۔
واضح رہے کہ 23 جون 2021 کو جوہر ٹاؤن کے علاقے میں حافظ سعید کی رہائشگاہ کے باہر گاڑی میں بم دھماکہ ہوا تھا اور دھماکے کے نتیجے میں پولیس اہلکار سمیت 3 افراد جاں بحق اور 24 زخمی ہوئے تھے۔