اسلام آباد : اسلام آباد ہائیکورٹ میں گلگت بلتستان کورٹ کے سابق چیف جج رانا شمیم پر توہین عدالت کیس میں فرد جرم عائد کردی گئی ہے جبکہ جنگ اور دی نیوز اخبار کے مالک میر شکیل الرحمن ، صحافی انصار عباسی اور ایڈیٹر عامر غوری کے خلاف فرد جرم کی کارروائی کو موخر کردیا گیا ہے۔
اسلام آباد ہائیکورٹ میں از خود نوٹس کیس کی سماعت چیف جسٹس اطہر من اللہ نے کی ۔ چیف جسٹس نے رانا شمیم کو فرد جرم پڑھ کر سنائی ۔
رانا شمیم کے خلاف عائد فرد جرم میں کہا گیا ہے کہ آپ نے انگلینڈ میں بیان حلفی ریکارڈ کرایا۔ آپ نے کہا چیف جسٹس ثاقب نثار چھٹیوں پر گلگت بلتستان آئے ۔ آپ کے مطابق انہوں نے ہدایات دیں کہ نواز شریف اور مریم نواز الیکشن سے پہلے باہر نہیں آنے چاہیئں۔
فرد جرم سے انکار کرتے ہوئے رانا شمیم نے استدعا کی کہ میں نے ایک درخواست صاف اور شفاف انکوائری کے لئے دائر کردی گئی ہے۔ میں نے کبھی توہین عدالت کیس کیا ہی نہیں ۔ میں توہین عدالت پر یقین نہیں رکھتا۔میرے وکیل کو آنے دے اور معاملے کی انکوائری کی جائے۔ثاقب نثار نے جو کہا میں نے وہ ہی لکھا۔
عدالت نے استفسار کیا کہ آپ کی دوسری درخواست کونسی ہے ؟ رانا شمیم نے جواب دیا کہ اٹارنی جنرل خالد جاوید کو اس کیس سے الگ کیا جائے۔
عدالت نے بیان حلفی میں سامنے آنے والے معاملات کی شفاف انکوائری اور اٹارنی جنرل کو کیس سے الگ کرنے کی رانا شمیم کی دونوں متفرق درخواستیں خارج کردیں۔