وبا کی ویکسین کی دس لاکھ خوراکیں مارچ تک دستیاب ہوں گی، ڈاکٹر فیصل سلطان

08:37 PM, 20 Jan, 2021

اسلام آباد: وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا عالمی وبا کی ویکسین کی دس لاکھ خوراکیں مارچ تک دستیاب ہوں گی جبکہ حکومت نے دو کروڑ ویکسین کا ہدف رکھا ہے اور اس حوالے سے ڈریپ نے بھی منظوری دے دی۔ 

پریس کانفرنس کرتے ہوئے ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا امید ہے فروری کے شروع میں ابتدائی نتائج آنا شروع ہو جائیں گے جبکہ ویکسین کی دستیابی کے لئے برطانوی سفیر سے بھی مفید بات چیت ہوئی ہے اور انہوں مکمل یقین دہانی کروائی۔ ویکسین کی خریداری کے لئے چین کی حکومت سے بھی راستے میں ہیں تاہم سائنو فام اور کنسائنو نامی کمپنیوں سے ویکسین کی فراہمی پر بات جاری ہے۔ 

ڈاکٹر فیصل سلطان نے پاکستان جیسے زیادہ آباد والے ملک کی تمام آبادی کے لئے وبا کی ویکسین کی فراہمی آسان نہیں ہے لیکن دستیابی سے متعلق خصوصی تکنیکی کمیٹی بھی بنائی گئی ہے۔ ماہرین پر مشتمل کمیٹی نے آٹھ سے نو ویکسین کی نشاندہی کی ہے اور حکومت کی ساری مشینری وبا کی ویکسین کی جلد سے جلد فراہمی کیلئے فعال ہے۔ 

خیال رہے کہ پاکستان میں عالمی وبا میں مبتلا مریضوں کی اموات کا سلسلہ جاری ہے۔ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران مزید 48 افراد کے جاں بحق ہونے کی رپورٹس ہیں جبکہ مجموعی تعداد 11 ہزار 103 ہو گئی ہے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق اس وقت ملک بھر میں عالمی وبا کے کنفرم مریضوں کی تعداد 5 لاکھ 24 ہزار 783، ایکٹو کیسز 35 ہزار 163 ہے جبکہ 4 لاکھ 78 ہزار 517 افراد اس موذی مرض کو شکست دینے میں کامیاب ہو چکے ہیں۔

مزیدخبریں