کراچی: تحریک انصاف کے رہنما فردوس شمیم نقوی نے اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا اور اپنا استعفیٰ سیکرٹری سندھ اسمبلی کو جمع کروا دیا ہے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ مستعفی ہونے میں کوئی سازش نہیں ہیں اور اس مرتبہ میں نے خود ہی استعفیٰ دیا ہے جبکہ نئی ذمہ داری کا فیصلہ پارٹی کی قیادت خود ہی کرے گی۔
ان کا مزید کہنا تھا کی تحریک انصاف کا بانی رکن ہوں اور استعفیٰ دینے کی کچھ وجوہات وقت آنے پر ہی سامنے لاوں گا کیونکہ میں اختلافات پارٹی کے اندر رہ کر کرنے کا عادی ہوں۔ پی ٹی آئی نے سب سے پہلے پارٹی فنڈز اور اثاثے ظاہر کیے اور تحریک انصاف نے موروثی سیاست پر کاری ضرب لگائی ہے جبکہ میں ارکان قومی وصوبائی اسمبلی کو کہوں تو میرے ساتھ کھڑے ہونگے۔
انہوں نے مزید کہا کہ مراد علی شاہ کا سندھ اسمبلی میں کردار آمرانہ ہے جبکہ چارٹر آف ڈیموکریسی کے تحت پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کی چیئرمین شپ اپوزیشن کا حق تھا۔
تحریک انصاف کے رہنما نے نئے اپوزیشن لیڈر کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے ایم کیو ایم سے بہتر اپوزیشن کی۔ متحدہ پاکستان کبھی حکومت میں تو کبھی اپوزیشن میں ہوتی تھی۔