لاہور: تحریک انصاف کے رہنما ندیم افضل چن نے وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی کے عہدے سے مستعفی ہونے کے بعد اپنے نام سے چلائی جانے والی خبروں پر اظہار برہمی کیا ہے۔
انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے نام سے منسلک ایک خبر کا اسکرین شاٹ بھی شیئر کیا۔ ساتھ انہوں نے یہ بھی لکھا کی ’پلیز میرے نام سے جعلی خبر چلا کر اپنے مقاصد حاصل نہ کئے جائیں۔
خیال رہے کہ اس سے قبل انہوں نے اپنے نام سے منسوب جعلی ٹوئٹر اکاونٹس کے حوالے سے ٹوئٹ کیا تھا۔ اپنے اصل ٹوئٹر اکاونٹ کی تصدیق کرتے ہوئے کہا تھا کہ میرا یہ ٹوئٹر اکاونٹ ہے اور باقی سب جعلی ہیں۔
واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے ندیم افضل چن کا استعفیٰ منظور کر لیا تھا۔ وزیراعظم عمران خان کے سابق معاون خصوصی برائے پارلیمانی رابطہ کاری ندیم افضل چن نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دیا تھا اور ان کے حکومت سے کئی امور پر اختلافات تھے۔ انہوں نے اپنا استعفیٰ وزیراعظم کو بھجوایا تھا۔
ایک انٹر ویو کے دوران ندیم افضل چن کے استعفے کے بارے میں پوچھے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے وزیراعظم نے بتایا کہ ان کے استعفے کی اپنی کوئی وجوہات ہوں گی میں نے انھیں مستعفی ہونے کا نہیں کہا۔