وانا: وزیراعظم عمران خان نے جنوبی وزیرستان کی عوام کا معیار زندگی بلند کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہاں کے نوجوانوں کو تعلیم اور روزگار سے آراستہ کرینگے۔
جنوبی وزیرستان کے علاقے وانا میں کامیاب جوان پروگرام کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ میں 30 سال پہلے بھی یہاں آیا تھا۔ ہماری کوشش ہے کہ یہاں کی عوام کے مسائل حل کریں اور محروم رہ جانے والے طبقات کو اوپر اٹھایا جائے۔
وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ تعلیم کے بعد روزگار جنوبی وزیرستان میں سب سے بڑا چینلج ہے۔ یہاں سب سے زیادہ نوجوانوں کو روزگار دینے کی ضرورت ہے۔ کامیاب جوان پروگرام صرف شروعات ہے، ہم یہاں کے نوجوانوں کو ہر سہولت مہیا کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ ملک بھر میں ٹیکنالوجیز یونیورسٹیز کا قیام ہماری اولین ترجیح ہے۔ جنوبی وزیرستان میں بھی سکول اور کالج بنائیں گے۔ نمل طرز کی یونیورسٹیاں سب جگہ کھلنی چاہیں۔
عمران خان نے جنوبی وزیرستان کے عوام کی بہادری کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ انگریزوں سے آزادی جنگ ہو، 1965ء پاک بھارت جنگ ہو یا کشمیر کی آزادی کی جنگ وانا کی عوام نے اپنی جانوں کی قربانیاں پیش کیں۔
ان کا کہنا تھا کہ میں یہاں ووٹ لینے یا الیکشن میں کئے جانے والے وعدے کرنے نہیں آیا۔ کامیاب جوان پروگرام علاقے کے نوجوانوں کیلئے صرف ایک شروعات ہے، اس کا مقصد انھیں تعلیم اور بہترین روزگار دینا ہے۔
انہوں نے اس موقع پر اپنے خطاب میں ہندوستان کی سازشوں کو بے نقاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارت پاکستان میں دہشتگردی پھیلانے کی بھرپور کوشش کر رہا ہے۔ بھارت میں انتہا پسند حکومت ہے۔ بھارتی وزیراعظم گجرات میں مسلمانوں کے قتل عام میں ملوث تھا۔
وزیراعظم نے کہا کہ خدشہ تھا کہ جنوبی وزیرستان میں 3 جی یا فور جی دہشتگردی کیلئے استعمال نہ ہو، اس سلسلے میں فوجی قیادت سے بات کی، وہ بھی ان معاملات کو سمجھتے ہیں، انھیں بتایا کہ انٹرنیٹ نوجوانوں کی ضرورت ہے۔ وزیرستان میں انٹرنیٹ تھری اور فور جی آج سے کھل جائے گا، اس کے علاوہ نوجوانوں کیلئے سکالرشپس کی تعداد بھی زیادہ کریں گے۔