اسلام آباد: وفاقی حکومت نے ایوان زریں اور ایوان بالا کے اجلاس ایک ہی روز، 22 جنوری کو بلانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
ذرائع کے مطابق دونوں ایوانوں کے اجلاس بلانے سے قبل نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) سے خصوصی طور پر تحریری ہدایات بھی لی گئیں ہیں۔ سینیٹ کا اجلاس صبح دس بجے جبکہ قومی اسمبلی کا اجلاس صبح ساڑھے دس بجے بلاتے ہوئے تمام اراکین کو پابندی وقت کی ہدایت کی گئی ہے۔
اس سلسلے میں مشیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر بابر اعوان کی جانب سے وزیراعظم سے مشاورت کی گئی تھی۔ اس اہم ملاقات میں ایوان بالا اور ایوان زریں کے دونوں اجلاس ایک ہی روز بروز جمعہ مورخہ 22 جنوری کو بلانے پر اتفاق کیا گیا۔
ڈاکٹر بابر اعوان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اپوزیشن اتحاد کے بیانیے کو عوام نے مسترد کر دیا ہے۔ پی ڈی ایم کو چاہیے کہ وہ انتشار کی سیاست کو خیرباد کہتے ہوئے عملی سیاست کا آغاز کریں۔