لاہور: مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ کمیشن زدہ احتساب کے واضح ثبوت مل رہے ہیں، نیب نیازی گٹھ جوڑ بے نقاب ہو چکا ہے۔ 31 جنوری کی ڈیڈ لائن ہے، وزیراعظم استعفیٰ تیار رکھیں۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ شریف فیملی پر سیاسی الزامات لگ رہے ہیں۔ سیاسی انتقام لینے کیلئے الزامات کی چارج شیٹ لگاتے رہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ شوکت خانم اور نمل یونیورسٹی کے نام سے ملک میں فنڈنگ آئی۔ ایجنٹس شوکت خانم اور نمل یونیورسٹی سے کمیشن کھاتے پکڑے گئے۔
مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ فرنٹ مین کے ناموں پر کرپشن آؤٹ سورس کی ہے۔ یہ لوگ قومی خزانے میں کمیشن کھاتے پکڑے گئے۔ ملک کو دونوں ہاتھوں سے لوٹا جا رہا ہے۔ دوسری جانب ڈھائی سال گزر گئے، ہمارے خلاف ایک دھیلے کی کرپشن ثابت نہیں ہو سکی۔ پانامہ پر بنی جے آئی ٹی کا حال بھی سب کے سامنے ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ مرکزی مجرم نے اعتراف جرم کر لیا ہے۔ براڈ شیٹ میں کمیشن کھاتے عمران خان کے فرنٹ مین پکڑے گئے ہیں۔ بھارت اور اسرائیل سے پارٹی اکاؤنٹس کے نام پر فنڈنگ ہوئی۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے لیگی رہنما عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ عمران خان پڑھے لکھے تخریب کار، جوتشی اور نجومی بھی ہیں۔ ہنستا بستا پنجاب اجاڑ دیا گیا، لاہور کو کچرے کا ڈھیر بنا دیا۔
عطا تارڑ نے کہا کہ طیارہ ضبط کرانے کا منفرد اعزاز بھی عمران خان کا ہے۔ بجلی اور گیس کے بلوں کا پیسہ عمران خان کے ساتھیوں کی جیب میں جا رہا ہے۔ ہمارا احتساب ہو گیا لیکن کچھ ثابت نہیں ہوا۔ لندن ہائیکورٹ میں ان کو منہ کی کھانی پڑی۔
لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ ہم شہزاد اکبر کو جیل بھیج کر رہیں گے۔ نواز شریف کے بغض میں براڈ شیٹ کو جرمانہ ادا کیا گیا۔