واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ مجھے اس بات پر فخر ہے کہ میں نے اپنے دور صدارت میں کوئی نئی جنگ نہیں چھیڑی۔ یہ بات انہوں نے اپنے الوداعی خطاب میں کہی۔
صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے خطاب میں امریکا کی نئی انتظامیہ اور نومنتخب صدر جوزف بائیڈن کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اس بات کی امید کر سکتے ہیں کہ نئی حکومت اپنے مقاصد میں کامیاب ہوگی۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ مجھے اس بات پر بہت فخر ہے کہ میری صورت میں امریکا میں ایک ایسا صدر برسر اقتدار رہا جس نے کوئی نئی جنگ شروع نہیں کی اور دنیا میں امن قائم رکھا۔ میں نے نئی جنگ نہیں چھیڑی بلکہ اس کے برعکس ایسی مشکل اور سخت لڑائیوں کا انتخاب کیا۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے یہ الوداعی پیغام یوٹیوب پر جاری کیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ میں اقتدار سنبھال کر جو کرنے آیا تھا، وہی کیا۔ امریکی عوام اپنے نئے صدر جوزف بائیڈن کیلئے دعاگو رہیں کہ وہ اپنے مقاصد میں کامیاب ہو جائیں، میں اپنا اقتدار ان کے حوالے کر کے سبکدوش ہو رہا ہوں۔
ان کا کہنا تھا کہ ہماری تحریک کا امریکا میں آغاز ہو چکا ہے۔ تاہم انہوں نے اپنے حامیوں پر واضح کیا کہ تشدد کی نہ تو اجازت دی جائے گی۔
خیال رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی چار سالہ مدت صدارت آج ختم ہو رہی ہے۔ انھیں شکست دینے والے جوزف بائیڈن نئے امریکی صدر کا عہدہ سنبھالیں گے، جبکہ کمیلا ہیرس نائب صدر کے عہدے پر براجمان ہونگی۔
صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا دور صدارت مختلف تنازعات کا شکار رہا۔ میڈیا سے ان کی چپقلش پورے چار سال جاری رہی۔ اپنے مخالفین کی ہر بات کا جواب انہوں نے ہمیشہ ٹویٹس کے ذریعے کیا۔ اس کی وجہ سے انھیں تنقید کا سامنا کرنا پڑا حتیٰ کہ ٹویٹر نے ان کا اکاؤنٹ تک بلاک کر دیا۔