لاہور: گورنر پنجاب چودھری محمد سرور نے سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کے بارے میں پیشگوئی کی ہے کہ ہو سکتا ہے کہ ان کی جانب سے برطانیہ میں سیاسی پناہ کی درخواست کر دی جائے۔
لاہور میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر پنجاب کا کہنا تھا کہ میرے پاس کوئی علم نجوم تو نہیں لیکن اس بات کا قوی امکان ہے کہ مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں نواز شریف کی جانب سے برطانوی شہریت کیلئے سیاسی پناہ کی درخواست کر دی جائے۔
چودھری سرور نے اس موقع پر اپوزیشن اتحاد پی ڈی ایم رہنماؤں کے الزامات کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف پر یہودی فنڈنگ کے الزامات سراسر جھوٹ پر مبنی ہیں، ان میں کسی قسم کی کوئی سچائی نہیں ہے۔
گورنر پنجاب کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان ہی براڈ شیٹ کیس پر ہونے والی جوڈیشل انکوائری کا فیصلہ کریں گے۔ انہوں نے اس موقع پر عدالتی نظام میں لانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ تحریک اںصاف کی حکومت ایسے انصاف کی فراہمی پر یقین رکھتی ہے جو تیز ترین ہو۔
پی ڈی ایم کے جلسے جلوسوں پر ردعمل دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ احتجاج کا حق ہر کسی کو حاصل ہے لیکن حکومت کا موقف ہے کہ عالمی وبا کی صورتحال کے پیش نظر اس سے اجتناب کرنا چاہیے، سیاست بعد میں بھی ہو سکتی ہے۔