سرکاری اراضی اپنے نام منتقل کرانے کا الزام، دو لیگی رہنماؤں کیخلاف مقدمہ درج

10:45 AM, 20 Jan, 2021

لاہور: سرکاری اراضی کو جعلی طور پر اپنے نام منتقل کرانے کے الزام میں مسلم لیگ (ن) کے اہم رہنماؤں سیف الملوک کھوکھر اور ملک افضل کھوکھر کیخلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ ملک افضل کھوکھر رکن قومی اسمبلی جبکہ سیف الملوک کھوکھر رکن پنجاب اسمبلی ہیں۔ دونوں لیگی رہنماؤں پر الزام ہے کہ انہوں نے انتہائی قیمتی سرکاری زمین کو جعل سازی سے اپنے نام کرایا گیا، اسی حوالے سے ان کیخلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

یہ مقدمہ ڈپٹی کمشنر شیخوپورہ کی رپورٹ پر درج کیا گیا ہے۔ دونوں کیخلاف مقدمے میں کہا گیا ہے کہ ملک افضل کھوکھر اور سیف الملوک کھوکھر نے کروڑوں روپے مالیت کی سرکاری اراضی کو ملی بھگت سے اپنے نام منتقل کرایا۔

مقدمے میں کہا گیا ہے کہ اس اراضی کو جعل سازی سے 2003ء میں دونوں لیگی رہنماؤں نے اپنے نام منتقل کرایا تھا۔

درج مقدمے میں کہا گیا ہے کہ لیگی رہنماؤں کی جانب سے کہا گیا تھا کہ وہ اس سرکاری زمین کے بدلے دوسری جگہ زمین دینے کے پابند ہیں لیکن ایسی کوئی پراپرٹی کا وجود ہی نہیں تھا۔ جعلی طریقے سے ٹرانسفر کرائی گئی سرکاری زمین کو محکمہ اینٹی کرپشن نے واگزار کرا لیا ہے۔

مزیدخبریں