بھارت: ہندوؤں کا مسجد پر حملہ، دروازوں کو آگ لگا دی، شدید توڑ پھوڑ، مینار شہید

08:46 AM, 20 Jan, 2021

دبئی: یہ افسوسناک واقعہ ہندوستان کی ریاست اترپردیش کے ایک قصبے میں پیش آیا۔ جنونی ہندوؤں نے ناصرف مسجد پر حملہ کرکے اس کا تقدس پامال کیا بلکہ مشتعل ہو کر اس کے مینار کو بھی شہید کر دیا۔

انڈین میڈیا رپورٹس کے مطابق انتہا پسند ہندوؤں نے ناصرف مسجد پر حملہ کرکے اسے شدید نقصان پہنچایا بلکہ اس پر قبضے کی کوشش کرتے ہوئے اس پر بھگوا رنگ کرتے ہوئے مختلف تصویریں بھی لٹکا دیں۔

یہ واقعہ گزشتہ دنوں 17 جنوری کو پیش آیا۔ علاقے کے لوگوں نے میڈیا کو واقعے کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ مختلف اوزار اٹھائے ہوئے تقریباً 200 ہندوؤں نے مسجد پر حملہ کیا تھا جو اپنے ساتھ ٹریکٹر بھی لائے تھے تاکہ مسجد کو شہید کر دیا جائے۔

عینی شاہدین مسلمانوں کا کہنا ہے کہ ہندوؤں نے اچانک مسجد پر دھاوا بول دیا اور اپنے ناپاک قدموں سے مسجد کے وقار کو پامال کرتے رہے۔ انہوں نے ناصرف مسجد کو آگ لگائی بلکہ ٹریکٹروں کی مدد سے مسجد کو شہید کرنے کی کوشش کی اور مینار کو منہدم کردیا۔

انڈین میڈیا کا کہنا ہے کہ مقامی مسلمان آبادی کو انتہا پسند ہندوؤں کا اس قدر خوف ہے کہ انہوں نے پولیس میں ان کیخلاف کوئی درخواست تک درج نہیں کرائی کیونکہ انھیں اپنی جان ومال کے نقصان کا ڈر ہے۔

تاہم اس افسوسناک واقعے کو میڈیا نے ٹیلی وژن کے ذریعے لوگوں تک پہنچایا تو مسلمان رہنماؤں میں غم وغصے کی لہر دوڑ گئی۔ انہوں نے اس واقعے پر شدید احتجاج کیا جس کے بعد انتظامیہ نے پولیس کو ہدایت کی ہے کہ وہ فوری طور پر اس واقعے کا مقدمہ درج کرے۔

خبریں ہیں کہ مقامی پولیس نے اپنی روایتی کارکردگی کو برقرار رکھتے ہوئے واقعے کا مقدمہ تو درج کر لیا ہے لیکن ابھی تک کوئی گرفتاری سامنے نہیں آ سکی ہے۔ 

مزیدخبریں