ممبئی: انڈین ٹینس سٹار ثانیہ مرزا نے تصدیق کی ہے کہ وہ گزشتہ دنوں عالمی وبا کا شکار ہو گئی تھیں، تاہم احتیاطی تدابیر پر عمل کرتے ہوئے انہوں نے خود کو آئسولیٹ کیا اور اس مرض کو شکست دینے میں کامیاب ہو گئیں۔
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ثانیہ مرزا کی جانب سے پوسٹ کی گئی ایک تحریر میں بتایا گیا ہے کہ وہ سال نو کے آغاز میں ہی عالمی وبا کا شکار بن گئی تھیں۔
ثانیہ مرزا کا کہنا تھا کہ انہوں نے وبائی مرض سے خود کو بچانے کیلئے لاکھ جتن کئے اور تمام احتیاطی تدابیر کو اختیار کیا لیکن ان کے باوجود ان میں بھی وبا کی علامات ظاہر ہوئیں۔
ان کا کہنا تھا کہ اگرچہ ان کے اندر وبائی مرض کی علامات بہت زیادہ سیریس نہیں تھیں لیکن اپنے صاحبزادے اور اہلخانہ سے آئسولیشن کے دوران جو دوری انھیں اختیار کرنا پڑی اسے لفظوں میں بیان کرنا میرے بس سے باہر ہے۔
انڈین ٹینس سٹار نے وبائی مرض میں مبتلا ہونے کا اپنا تجربہ شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ اس وبا کی علامات آئے روز تبدیل ہوتی ہیں، کوئی نہیں بتا سکتا کہ اگلے لمحے یہ آپ پر کیا اثر چھوڑے گا۔
پاکستانی سٹار کرکٹر شعیب ملک کی اہلیہ کا کہنا تھا کہ خاندان سے دور رہنے کا تجربہ میرے لئے بہت پریشان کن اور خوفناک تھا۔ تاہم میں اس معاملے میں خود کو خوش قسمت تصور کرتی ہوں جس نے اس موذی مرض کو شکست دی اور دوبارہ سے صحتیاب ہونے میں کامیاب ہوگی۔
انہوں نے اپنے مداحوں کو عالمی وبا سے بچ کر رہنے کی تاکید کرتے ہوئے کہا کہ میں نے بہت کوشش کی کہ مجھے یہ موذی مرض نہ لگے لیکن سب کچھ بے سود ثابت ہوا۔ ہر کوئی یہ بات اپنے ذہن میں رکھے کہ مرض کسی قسم کا مذاق نہیں ہے، احتیاطی تدابیر اختیار کریں، اپنی اور دوسروں کی جان بچائیں۔